بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ٹرین اور رکشہ کے تصادم کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، خواجہ سعد رفیق

ٹرین اور رکشہ کے تصادم کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، خواجہ سعد رفیق

بہاولپور /لودھراں ۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ٹرین اور رکشہ کے تصادم کے ذمہ داروں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو اور لودھراں میں جاں بحق بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حادثے میں انسانی غلطی‘ دھند اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی غلطی کس سے ہوئی گیٹ کیپر یا ڈرائیور سے کہ جس کی وجہ سے بے گناہوں کی جانیں ضائع ہوئیں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ان کی وزارت ریلوے کی بہتری کے لئے کوششیں کررہی ہے اس طرح کی انسانی غلطی ان تمام اقدامات پر پانی پھیر دیتی ہے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ دھند کی وجہ سے ڈرائیور کو سگنل نظر نہیں ایا یا ڈرائیور کی غفلت کے باعث حادثہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں تمام ریلوے حادثات کی مکمل تحقیقات کی گئی ہیں اور انہیں باقاعدہ شائع کیا جاتا ہے اور ریلوے کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے مختلف اقدامات کررہے ہیں۔ وزیر ریلوے نے حادثے میں زخمی ہونے والے چار بچوں کی وکٹوریہ ہسپتال بہالپور میں عیادت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ زخمی بچوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بچوں کے والدین کو بتایا کہ حکومت ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے حادثے کی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کے علاج معالجہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

ادھر حادثے میں جاں بحق بچوں کو مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ایک ہی خاندان کے جاں بحق بچوں میں دو سگے بہن بھائی فہد اور مریم بھی شامل تھے۔ نماز جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔