بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / آئی سی آئی جے کی ای میلز سے ثابت ہوتا ہے لندن کے فلیٹس کی اصل مالکن مریم نوازہیں ، عمران خان کا دعویٰ

آئی سی آئی جے کی ای میلز سے ثابت ہوتا ہے لندن کے فلیٹس کی اصل مالکن مریم نوازہیں ، عمران خان کا دعویٰ

لودھراں ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی آئی جے کی ای میلز سے ثابت ہوتا ہے کہ لندن کے فلیٹس کی اصل مالکن مریم نوازہیں  ٹرین حادثہ مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے  ذمہ داروں کا تعین کیا جائے  وزیر ریلوے کو مستعفی ہو جانا چاہیے ۔

ہفتہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ٹرین حادثہ مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، یہ ظاہرکرتا ہے کہ کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی نے کوتاہی کی ہے، جس کے ذمہ داروں کا تعین اورریلوے کے وزیرکومستعفی ہونا چاہیے، جب تک وزیرریلوے استعفیٰ نہیں دیں گے، معاملے کی شفاف تحقیقات نہیں ہوپائے گی، ریلوے کا وزیرایک شخص کی ذاتی کرپشن کو بچانے کیلئے سپریم کورٹ میں بیٹھا ہوتا ہے تو پھرریلوے کا یہی حال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کا خیال ہے کہ وزیراعظم نے لودھراں کیلئے ڈھائی ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کررکھا تھا اس میں سے تھوری رقم علاقے کے ریلوے پھاٹک پرلگادے۔نیب کے قوانین سے متعلق عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف بدعنوانی کے 12 اوران کے بھائی شہبازشریف پرکرپشن کا ایک مقدمہ ہے تاہم نیب نے کارروائی نہیں کی، اس ادارے کی وجہ سے ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے، نیب بڑے ڈاکوؤں کو بچاتی اورچھوٹے چوروں کو پکڑتی ہے، چھوٹے چوروں کو پکڑنے سے ملک میں کرپشن ختم نہیں ہوگی۔

پاناما کیس سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ آئی سی آئی جے کی ای میلزسے ثابت ہوتا ہے کہ لندن کے فلیٹس کی اصل مالکن مریم نواز ہیں، اگر ہمارے شواہد مان لیے جاتے ہیں تو یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ مریم نواز اپنے والد کی فرنٹ مین ہیں اور یہ ساری رقم نواز شریف کی ہے کیونکہ مریم نواز کے پاس تو دولت نہیں اور نواز شریف نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کرکے فلیٹ لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس سے فارغ ہونے کے بعد آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پرغورکیا جائے گا کیونکہ انشا اللہ اسی برس انتخابات ہوں گے۔قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے لودھراں میں ایک ہی خاندان کے 4 بچوں کے گھر پہنچے اور انکے ورثا سے تعزیت کی۔