بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تاریخی جلسے کے بعد پیچھے موڑ کر نہیں دیکھیں گے، فاروق ستار

تاریخی جلسے کے بعد پیچھے موڑ کر نہیں دیکھیں گے، فاروق ستار

=>کراچی ۔ متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کو ایشیاء کا صاف ترین شہر بنانے کا عزم کررکھا ہے جس کے لیے ابتدائی طور پر منتخب کردہ ماڈل یوسیز پر کام کیا جائے گا۔

ن خیالا ت کااظہار انہوں نے 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت کورنگی ضلع کے علاقے ملیر کی یوسی 6 میں 100گلیوں کی بذریعہ کنکریٹ پیور بلاک تعمیر کے پروگرام کے افتتاح کے بعد صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عہد کیا تھا کہ کراچی کی مخصوص یوسیز کو ماڈل یوسیز بنائیں گے جن میں ضلع کورنگی ، ملیر ، لانڈھی اور شاہ فیصل کی ایک ایک یوسی منتخب کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک یوسی میں 100گلیوں کو پختہ بنائیں گے اور نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کا بہترین نظام دیں گے اور اسی طرح ضلع کورنگی کی 400 یوسیز کو ماڈل یوسیز میں تبدیل کیاجائے گا جہاں ایک ایک ماڈل اسکول اور ڈسپنری بھی بنائی جائے گی۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 30 دسمبر 2016 کو تاریخی جلسے کے بعد نئے سال 2017 کا آغاز ہم نے نئے عزم اور سفر کو اختیار کرکے کیا ہے، ہماری 100 روزہ مہم کو ایک مرتبہ پھر نئی توانائی ، جذبہ اور ولولہ ملا ہے، اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پیچھے مٹر کر نہیں دیکھیں گے اور بے وسیلہ ، بے اختیار ہونے کے باوجود تمام وسائل اپنی مدد آپ کے تحت استعمال میں لاکر کراچی کی یوسیز کو ماڈل شکل دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سب سے بڑی طاقت کراچی والوں کا اتحاد ہے ، اس اتحاد کو استعمال کرکے بتدریج کراچی کا نقشہ تبدیل کردیں گے اور کراچی کو ایشیا کا صاف ترین شہر بنائیں گے جبکہ تعمیر و ترقی کا ایسا عمل شروع کررہے ہیں جو دیرپا ہوگا۔

سربراہ ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ اب کی بار ایسا نہیں ہوگا کہ ادھر سڑکیں بنائیں، نکاسی آب کی لائینیں ڈالیں اور ادھر ٹوٹ گئیں ہم نے ماڈل گلیوں کے لیے اس طرح کی منصوبہ بندی کی ہے کہ وہ برسوں پختہ رہیں گے اور اس میں لاگت ڈامر والی سڑکیں بنانے سے بھی کم آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیور بلاک سے فلورنگ کرکے سڑکیں تعمیر کی جائیں گی ، کم سے کم وسائل میں ہم نے یہ عزم کیا ہے کہ خوبصورت اور پکی گلیاں بنائیں گے اور یہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچرا ٹھانے والی گاڑیوں میں ٹریکر ز لگائے جائیں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ یہ گاڑیاں جام چاکرو تک کچرا لیکر گئیں بھی ہیں یا نہیں کہ انہوں نے کسی ضلع سے کچرا اٹھا کر اور کسی ضلع میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے علاقے کے عوام کی جانب سے پانی کی شکایت کے مسئلے پر کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات جام خان شورو کے پاس واٹر بورڈ موجود ہے ، ہم ان سے گزارش کرتے ہیں تھوڑی رسائی واٹر بورڈ تک ہمیں بھی دیں ، 180پمپنگ اسٹیشن اور 180وال کراچی میں ہیں یہ ہماری نگرانی میں دیدیں ، ہم یہاں ڈیوٹیاں لگائیں گے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا کر کراچی کے عوا م کو لاحق پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے کو یقینی طور پر حل کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ 2013ء کے قوانین کو ایسے ہی رہنے دیں بس نیت کرلیں تو راستہ خود ہی بن جاتا ہے ، ہم نے سمری بنائی ہے جو اختیارا ت اور وسائل ہمارے پاس موجود تھے وہ بغیر قانون سازی کے بھی دیئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کراچی کو فتح کرنا ہے تو کراچی والوں کے دلوں میں جگہ بنانی ہوگی اور ان کے بنیادی مسائل کو سنجیدگی سے حل ہوکرنا ہوگا ۔

قبل ازیں ڈاکٹر فاروق ستار جب ملیر یوسی 6 میں افتتاح کے لیے پہنچے تو وہاں موجود علاقے کے عوام کی بہت بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر گل پاشی کی۔اس موقع پر ضلع کورنگی کے چیئرمین نیر رضا ، یوسی 6 کے چیئرمین ریاض الدین ، وائس چیئرمین محمد لئیق اور دیگر بھی موجود تھے۔