Home / پاکستان / وزیر اعظم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہو کر نکلیں گے،مریم اورنگزیب

وزیر اعظم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہو کر نکلیں گے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہو کر نکلیں گے ۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر پانامہ لیکس کے مقدمے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا ۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ جھوٹ اور منافقت کی سیات کی اور اپنی عادت سے مجبور ہو کر وزیر اعظم پر کرپشن اور چوری کے الزامات لگائے لیکن سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کے خلاف ایک بھی ثبوت دینے میں ناکام ہوئے ہیں ان کے وکلاء نے تو دلائل دے دیئے لیکن عدالت کو مطمئن نہ کر سکے ۔ ہمارے وکلاء دلائل شروع کریں گے تو ان کی بولتی بند ہو جائے گی۔

کیونکہ پی ٹی آئی اپنے موقف سے ہٹ چکی ہے اور اب اس مقدمے میں بس گپ شپ ہی رہ گئی ہے جو بہت ہی جلد اختتام تک پہنچ جائے گا وزیر اعظم عدالت سے سرخروں ہو کر نکلیں گے اور عمران خان کی چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کی کوششیں دم توڑ دیں گی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے فیتے کاٹتے کو تنقید کا نشانہ بنایا لیکن وہ جان لیں کہ نواز شریف نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی وہ فیتے کاٹنے اور اقتدار کے حقدار ہیں فکر نہ کریں۔

خان صاحب کو فیتے نہیں بلکہ اپنا بویا ہوا کاٹنے کو ملے گا ۔ وزیر مملکت نے کہاکہ عمران خان نے وزیر اعظم پر بہت تنقید کی اور آج بھی انی کے کارندے عدالت کے باہر عدالت لگاتے ہیں لیکن ان اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان پانامہ کو لے کر بیٹھے ہیں لیکن وہ بتائیں کہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد وہ کیا کریں گے ۔ بہتر ہے کہ خیبرپختونخوا میں کام کر کے دکھائیں کیونکہ وزیر اعظم خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کچھ نہ کرنے پر عمران خان نشانہ عبرت بن سکتے ہیں ۔

About نیوز ڈیسک