بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / شاہراوں کی تعمیر سے علاقے منسلک اور ترقی ملک کا مقدر بنے گی،نواز شریف

شاہراوں کی تعمیر سے علاقے منسلک اور ترقی ملک کا مقدر بنے گی،نواز شریف


اسلام آباد۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے معاشی و سماجی ترقی میں شاہراتی نیٹ ورک کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے اسلام آباد ایئر پورٹ اور میٹرو بس سروس کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شاہراوں کی تعمیر سے علاقے منسلک اور ترقی ملک کا مقدر بنے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئر مین شاہد اشرف سے ملاقات میں کیا۔

جس میں چیئر مین این ایچ اے نے وزیراعظم کو جاری شاہراتی منصوبوں پر بریفنگ دی اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ پشاور موڑ سے نئے ایئر پورٹ تک میٹرو لنک منصوبے پر18ارب روپے لگیں گے جس پر 14بس سٹاپ ہوں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ معاشی و سماجی ترقی کے لئے شاہراہوں کی تعمیر انتہائی اہمیت رکھتی ہے کیوں کہ اس کی وجہ سے دور دراز کے علاقے آپس میں منسلک اور اقتصادی سرگرمیاں بڑھتی ہیں۔

جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلتی ہیں۔ انہوں نے چیئر مین ایچ اے شاہد اشرف کو ہدایت کی کہ پشاور موڑ سے نئے اسلام آباد تک میٹرو لنک فوری تعمیر کیا جائے جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ تاہم نئے اسلام آباد ایئر پورٹ اور میٹرو لنک سمیت زیر تعمیر منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ نئے اسلام آباد ایئر پورٹ اور میٹرو کی تعمیر سے وقت کی بچت ہو گی اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی آنے کے باعث مسائل بھی کم ہو جائیں گے جس کے ثمرات سے عوام مستفید ہو سکیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نئے اسلام آباد ایئر پورٹ اور میٹرو بس سروس کا افتتاح14اگست کو کریں گے۔