بھادوں کب کا ختم ہو چکا جس کے بعد بکرمی کلینڈر کے مطابق اسوج کا مہینہ آتا ہے جس کے بعد کاتک مگھر اور پھر پوہ کا ماہ گو کہ ہم اسوج سے گزر رہے ہیں جو کہ بکرمی کلینڈر کے مطابق سردی کے موسم کا دروازہ بھی کہلاتا ہے پر اب تک سردی کے کوئی خاص آ ثار نہیں دکھائی دے رہے‘اس کی دستک کا انتظارہے‘حبس اور گرمی بدستور موجود ہے‘ شاید اسی کو موسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں پر قیاس ہے کہ اب کسی بھی وقت اگر بارش ہوئی تو اسکے ساتھ ہی سردی کا موسم شروع ہو جائے گا۔ وزیر خزانہ کے منہ میں گھی شکر خدا کرے کہ ان کا یہ بیان
درست ثابت ہو کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آ خری ہو گا‘ اگر یہ بات سچ ثابت ہو گئی تو یہ مو جودہ ارباب اقتدار کا عظیم کارنامہ ہو گا۔اسرائیل کا لبنان کے بعد یمن پر فضائی حملے کے بارے میں ہم بجز اس کے اور کیا کہہ سکتے ہیں کہ وہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ پھیلا رہا ہے اور اس کی پشت پر امریکہ کھڑا ہے‘ امریکہ کی اسرائیل کی پشت پناہی کا تازہ ثبوت امریکی صدر بائیڈن کے اس بیان سے بھی ملتا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ حسن نصراللہ شہادت سے انصاف کا عمل پورا ہو گیا ہے اور یہ کہ وہ اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں‘ادھر اسرائیل دریائے نیل سے نہر فرات تک گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔ یہ پاکستان کی سفارتی فتح ہے کہ چین‘ روس اور ایران نے بھی افغانستان کو دہشت گردی کے پھیلاؤ کیلئے موردالزام ٹھہرا دیا ہے۔