123

سی این جی قیمتیں اضافہ ٗ ٹرانسپورٹرز کے نرخ بھی بڑھ گئے

پشاور۔ وفاقی حکومت کی جانب سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹروں نے بھی کرائے بڑھادےئے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے صدر خان زمان آفریدی کی زیر صدارت پیر کے روز اجلاس منعقد ہوا جس میں متحدہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر نورمحمد مہمند سمیت دیگر ٹرانسپورٹروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ٹرانسپورٹروں نے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ صوابی ‘ مردان ‘ نوشہرہ تک فی سواری میں دس روپے جبکہ راولپنڈی ‘ اسلام آباد ‘ مانسہرہ ‘ ایبٹ آباد اور تیمر گرہ تک 20 روپے فی سواری اضافی وصول کئے جائیں گے۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹروں نے خان زمان آفریدی کی جانب سے کرائے بڑھانے کے اعلان پر ان کی حمایت کی اور پیر کے روز سے ہی کرایوں میں اضافہ کردیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خان زمان آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ہوشر باء اضافہ کرنے کے باعث سی این جی مہنگی ہو گئی ہے اور پرانے نرخ میں ان کو نقصان ہوتا ہے لہٰذا ٹرانسپورٹروں نے خود قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں کی جانب سے جو قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں اس میں بھی ٹرانسپورٹروں کا نقصان ہے تاہم اس حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ بیٹھ کر حل نکالا جائے گا۔