108

دبئی ٹیسٹ، ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ

دبئی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی جانب سے دیے گئے ہدف 462 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا، دونوں اوپنرز نے 87 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد ایرون فنچ 49 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایرون فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مارش اور مشل مارش بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین چلتے بنے، اس وقت وکٹ پر ٹراوس ہیڈ اور عثمان خواجہ موجود ہیں۔

گزشتہ روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر45 رنز بنائے تھے تاہم آج جب کھیل شروع ہوا 65 رنز کے اضافے کے بعد امام الحق 48 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد حارث سہیل بھی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے 71 رنز کی شراکت قائم کی، اسد شفیق نے 41 اور بابر اعظم نے 28 رنز بنائے۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی بدولت قومی ٹیم نے 482 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ اور حارث سہیل نے سنچری جب کہ اسد شفیق اور امام الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 48، اسد شفیق نے 41 اور حارث سہیل نے 39 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں اوپنرز نے 142 رنز کا آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ نے 85 اور ایرون فنچ نے 62 رنز بنائے تاہم اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے صرف 36 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔