سری لنکا نے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر 8 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔
اوول کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں لنکن ٹائیگرز نے 219 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر شکست سے دوچار کیا۔
سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا نے ناقابل شکست 127 رنز کی اننگز اور اینجلو میتھیوز کیساتھ 111 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ فتح سری لنکا کی انگلینڈ میں چوتھی ٹیسٹ فتح اور 2014 کے بعد تاریخی جیت ہے، انگلینڈ نے اولڈ ٹریفورڈ اور لارڈز میں پہلے دو ٹیسٹ جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے بعدازاں سری لنکا اپنی اننگز میں محض 263 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، دوسری اننگز میں لنکن بالرز نے انگلش بیٹر کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور 156 کی مجموعی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 4 جبکہ وشوا فرینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کیں، 219 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگرز کے اوپنر پاتھم نسانکا نے 127 کی اننگز کھیل کر انگلینڈ سے فتح چھین لی۔