اسلام آباد:
خیبر پختونخوا کابینہ نے آئی جی اسلام آباد سمیت 500 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی کابینہ نے کے پی ہاؤس اسلام آباد پر حملہ آور ہونے، غیر قانونی طور پر چھاپہ مارنے اور احاطے میں گھسنے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کر دی۔
کابینہ کے فیصلے کے مطابق کے پی ہاوس سے چوری و دیگر جرائم کے مرتکب ہونے اور رہائشیوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنے پر ایف آئی آر درج کی جائے، ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکومت نے اسلام آباد کی متعلقہ عدالتوں میں ایسی شکایات درج کروائی تھیں لیکن اس بار مقدمہ خیبر پختونخوا میں درج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کابینہ نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پولیس ایکشن کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دی تھی۔
خیبرپختونخوا یونیورسٹیز ایکٹ 2012 میں ترامیم کی منظوری
کابینہ نے خیبر پختونخوا یونیورسٹیز ایکٹ 2012 میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے اسے صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کی اجازت بھی دے دی۔ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے لیے تقرری کا اختیار وزیر اعلیٰ کو دینے کی ترمیم شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے چانسلر ہوں گے، ان ترامیم میں وائس چانسلرز کی مدت ملازمت کو بھی چار سال مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کی طرف سے تشکیل دی جانے والی کارکردگی کی جانچ کمیٹی کے وسط مدتی جائزے سے مشروط کر دی گئی ہے۔ صوبے کی پبلک سیکٹر خواتین کی یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کے عہدوں پر صرف خواتین امیدواروں کو ہی تعینات کیا جائے گا۔
ایگریکلچر انکم ٹیکس ایکٹ 2024 کے مسودے کی منظوری
خیبر پختونخوا کابینہ نے ایگریکلچر انکم ٹیکس ایکٹ 2024 کے مسودے کی منظوری بھی دے دی۔
صوبائی کابینہ نے ضلع پشاور میں 8000 گرے اسٹرکچر کے مکانات اور 5000 اپارٹمنٹس پر مشتمل کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کی تعمیر کے لیے فریم ورک معاہدے کی منظوری دی۔
کابینہ نے خیبرپختونخوا نوادرات ایکٹ 2016 کے تحت کنزرویشن ہیریٹیج بورڈ کی تشکیل کے لیے ممبران کے ناموں کی منظوری دی۔