شہر قائد کے علاقے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب اللہ والی مسجد کے پاس ایک ضعیف العمر شخص بے ہوشی کی حالت میں ملا، جسے فوراً چھیپا ایمبولینس سروس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے ذرائع کے مطابق، متاثرہ شخص کی شناخت 65 سالہ عبدالعزیز ولد محمد اسحال کے نام سے ہوئی ہے۔
عبدالعزیز کے ساتھ ملنے والے سامان کی تلاشی کے دوران خواتین کے نام پر جاری دو بھارتی پاسپورٹس اور ایک قومی شناختی کارڈ برآمد ہوا۔ پولیس اور حساس ادارے جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، اسپتال پہنچ گئے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ بھارتی پاسپورٹس سعودی عرب کے شہر جدہ سے جاری کیے گئے تھے، جن پر بھارت کے شہر حیدرآباد کا پتہ درج ہے۔ دونوں پاسپورٹس کی معیاد سال 2028 تک ہے۔
عبدالعزیز ابھی جناح اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں، جبکہ پولیس اور حساس ادارے اس کے پاسپورٹس، شناختی کارڈ اور پس منظر کے بارے میں مزید معلومات جمع کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ سیکیورٹی اداروں کی توجہ حاصل کر چکا ہے۔