333

چمکنی میں تین افراد کے قتل کی ابتدائی رپورٹ تیار

پشاور۔تھانہ چمکنی کے علاقے گلوزئی میں دیرینہ دشمنی کی بناء تین افراد کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے مقتولین کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ایک شخص کو قتل کیاگیا جس کا بدلہ لینے کیلئے مخالفین نے تین افراد کو قتل کردیا ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ایس ایچ او چمکنی احمد اللہ خان نے بتایاکہ گزشتہ روز گلوزئی میں چار افراد مجاہد ولد قیوم ٗ شیر محمد ولد فیاض محمد ٗ لیاقت ولد فیا ض اور ہدایت گاڑی میں جارہے تھے کہ اس دوران گلوزئی میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے۔

مجروحین کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں مجاہد ٗ شیر محمد اور لیاقت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ہدایت کی حالت تشویشناک ہے پولیس کے مطابق مقتولین اور ملزمان آپس میں رشتہ دار ہیں اور ان کے مابین عرصہ دراز سے جائیداد کے تنازعہ پر دشمنی چلی آرہی ہے پولیس کے مطابق پانچ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ہے ۔