86

چین کی افغان میں صدارتی انتخابات کی حمایت 

نیویارک ۔ چین نے افغان صدارتی انتخابات کی حمایت اورافغانستان کے اندر سیاسی مکالمے کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عا لمی برادری افغانستان کی بلاتعطل حمایت جاری رکھے ،امید ہے کہ اقوام متحدہ کا افغانستان کے لیے امدادی وفد افغان آزاد انتخابی کمیشن کوتیکنکی مددفراہم کرے گا۔ سی آر آئی کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے مستقل وفد کے قائم مقام مندوب وو ہائی تھاو نے سلامتی کونسل کے افغانستان مسئلے پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ افغانستان کے اندر سیاسی بات چیت کو فروغ دیا جائے اور افغان صدارتی انتخابات کی حمایت کی جائے ۔

وو ہائی تھاو نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور طویل المدتی ترقی کا حصول نہ صرف افغان عوام کے مفادات بلکہ خطے کی سلامتی ،استحکام ،ترقی اور خوشحالی سے قریبی تعلق رکھتا ہے۔ عالمی برادری کو حقیقی طور پر اپنے وعدے کو پورا کر نا چاہیئے اور افغانستان کی بلاتعطل حمایت جاری رکھنی چاہیئے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق وو ہائی تھاو نے مزید کہا کہ ا فغانستان میں رواں سال صدارتی انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ امید ہے کہ افغان آزاد انتخابی کمیشن صدارتی انتخابات سے متعلق تیاری کے امورکو اچھی طرح نبھائے گا ۔امید ہے کہ اقوام متحدہ کا افغانستان کے لیے امدادی وفد افغان آزاد انتخابی کمیشن کوتیکنکی مددفراہم کرے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ افغانستان کی مختلف جماعتوں اورگروہوں کو ملک کے اندراتحادو یکجہتی کو مضبوط بنانا چاہیئے، قومی استحکام کو اپنی مشترکہ ذمہ داری کی حیثیت سے قبول کرنا چاہیئے اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کو حل کرناچاہیئے۔