532

صنم بلوچ کی رمضان ٹرانسمشن کرنے کی خبروں کی تردید

کراچی: معروف اداکارہ اور ٹیلی ویژن میزبان صنم بلوچ نے رمضان ٹرانسمشن کرنے سے متعلق جھوٹی خبروں کی تردید کردی۔صنم بلوچ نے ایک ویڈیو سے ذریعے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بار کوئی بھی رمضان ٹرانسمشن نہیں کر رہی کیوں کہ میں کچھ وقفہ لینا چاہ رہی ہوں لیکن کچھ چینل اور دوستوں کی جانب سے کال بھی موصول ہو رہی ہیں کہ میں کسی چینل پر ٹرانسمشن کر رہی ہوں جس پر مجھے حیرانگی بھی ہوئی۔

صنم نے  کہا کہ نہ میں کسی چینل کے ساتھ وابستہ ہوں اور نہ ہی میں نے کسی چینل سے معاہدہ کیا ہے اور ایسا بھی نہیں ہے کہ میں کسی کے ساتھ معاہدہ کرکے پیچھے ہٹ رہی ہوں۔ سچ تو یہ ہے کہ پہلے دن سے میرا کسی چینل سے یا کسی ایجنسی سے کوئی معاہدہ نہیں رہا اور اگر اب کوئی اس طرح کا دعویٰ کرے تو یہ جھوٹ ہوگا۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی چینل مجھ سے منسوب اس طرح کی منفی خبریں چلا رہا ہے تو یہ غلط بیانی ہوگی اور اگر ایسا کچھ ہوگا بھی تو آپ لوگ سب سے پہلے مجھ سے یہ خبر سنیں گے۔