137

انگلینڈ نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دیدی

لاہور: انگلینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 12 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے 374 رنز کے بڑے  ہدف  کا گرین شرٹس نے ڈٹ کا مقابلہ کیا تاہم فتح کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی، قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 361 رنز بنائے۔

اوپنر فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میدان کے چاروں جانب زبردست اسٹروکس کھیلے اور سنچری مکمل کی، وہ 106 گیندوں پر 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 شاندار چھکے اور 12 دلکش چوکے شامل تھے، دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے تیزرفتاری سے 132 رنز جوڑے جب کہ آصف علی کی 51 رنز کی برق رفتار اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

امام الحق نے 35،حارث سہیل نے 14، عماد وسیم نے 8 اور فہیم اشرف نے 3 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد 41 اور حسن علی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل  قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کے بلے بازوں نے قومی بولرز کی خوب جم کر پٹائی کی اور صرف 3 وکٹوں پر 374 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کردیا۔

بٹلر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 110 رنز کی شانداری باری کھیلی جب کہ کپتان مورگن 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جیسن روئے 87، بیرسٹو 51 اور جوئے روٹ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے مہنگے بولر حسن علی ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز کے کوٹے میں 81 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی، شاہین آفریدی نے 80 رنز کے عوض ایک اور یاسر شاہ نے 7 اوورز میں 60 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔