584

قبائلی اضلاع کی ترقی اولین ترجیح ہے‘ اجمل وزیر

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان و زیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر نے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں قبائیلی اضلاع کی ترقی کے لئے خاطرخواہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی میں مخلص ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے وفاقی بجٹ میں قبائلی اضلاع کے لئے مختص شدہ فنڈز کے حوالہ سے ایک اخباری بیان میں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اور وزیراعلیٰ محمود خان کی ذاتی دلچسپی مدبرانہ وژن کے مطابق قبائیلی اضلاع میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ صوبائی ترجمان نے مزید کہا کہ نئے بجٹ میں مختص شدہ فنڈز سے تمام شعبوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ تعلیم اور روزگار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، کہ کسی بھی صورت میں قبائلی نوجوان دیگر اضلاع کے نوجوانوں سے پیچھے نہیں رہیں گے۔

 بلکہ اس سال کئی پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے، تا کہ قبائلی اضلاع میں نوجوان آگے بڑھیں اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔بجٹ  میں نئے ٹیکسوں کے بارے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ عوام ہمت نہ ہاریں، ملکی اور عوامی مفاد میں سخت فیصلے کئے گئے ہیں، جن کے ثمرات بھی نچلے سطح کے متوسط طبقے کو ملیں گی۔خیبرپختونخوا کے صوبائی بجٹ کے بارے انہوں نے واضح کیا، کہ یہ بجٹ بھی عوام دوست بجٹ ہوگا، جس میں مراعات یافتہ طبقے کو ٹیکس کے دائرے میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور وہ دن دور نہیں کہ قبائلی اضلاع میں مثبت تبدیلی کی فضا محسوس ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔