970

سارہ علی خان کی پہلی فلم ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار

بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی اگرچہ تاحال کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی، تاہم وہ فلم ڈیبیو سے قبل ہی سپر اسٹارز کی طرح خبروں میں ہیں۔

اگرچہ خبریں تھیں کہ سارہ علی خان ان دنوں اپنی پہلی فلم ’کیدر ناتھ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، تاہم اب اطلاعات ہیں کہ ان کی پہلی فلم ریلیز ہونے سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔

اب فلم کے پروڈیوسرز و ڈائریکٹر میں سرد جنگ ہونے سمیت ہدایت کار اور فلم کی کاسٹ و ٹیکینیکل اسٹاف میں بھی سرد مہری شروع ہوچکی ہے۔

نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ فلم میں سرمایہ کرنے والی کمپنی ’کرج انٹرٹینمنٹ‘ ہدایت کار ابھیشک کپور کے خلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ فلم کے لیے سرمایہ فراہم کرنے والی کمپنی ’کرج انٹرٹینمنٹ‘ اور ہدایت کار ابھیشک کپور میں اس لیے اختلافات ہوئے کیوں کہ فلم کے اخراجات ابھی سے ہی معاہدے سے دگنے ہوچکے ہیں۔

فلم کی جاری کی گئی پہلی جھلک

فلم کی جاری کی گئی پہلی جھلک

کرج انٹرٹینمنٹ‘ کے سربراہ پروڈیوسر و ڈائریکٹر پریرنا ارورا ’کیدر ناتھ‘ کے ڈائریکٹر ابھیشک کپور کے خلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں، کیوں کہ فلم میں اب تک 50 کروڑ بھارتی روپے کے اخراجات آچکے ہیں اور فلم تاحال مکمل نہیں ہوسکی۔

فلم ٹیم کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ اخراجات اس معاہدے سے زیادہ ہیں، جو فلم کے ڈائریکٹر اور سرمایہ کار کمپنی کے درمیان طے پایا۔

علاوہ ازیں فلم ڈائریکٹر کی جانب سے فلم کی شوٹنگ میں معاہدے میں طے وقت سے زیادہ وقت لیے جانے پر بھی سرمایہ کار کمپنیاں ’کرج انٹرٹینمنٹ اور ٹی سیریز‘ ڈائریکٹر سے ناراض ہیں۔

ادھر ممبئی مرر نے بتایا کہ ’کیدر ناتھ‘ کی شوٹنگ میں زیادہ وقت لینے اور تاحال شوٹنگ مکمل نہ ہونے کے باعث فلم کے ہیرو سشانت سنگھ راجپوت اور فلم کے ڈائریکٹر ابھیشک کپور کے درمیان بھی سرد جنگ شروع ہوچکی ہے۔