149

اپوزیشن کا تاجروں کی حمایت کا اعلان

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے 13جولائی کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا، عوام کے غصب کئے گئے حقوق کے تحفظ کیلئے تاجر برادری کے شانہ بشانہ جدوجہد کا عزم، اس بات کا فیصلہ باچا خان مرکز پشاور میں اپوزیشن رہنماؤں کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔

 اجلاس میں  عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان،جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، صوبائی ترجمان صدر الدین مروت، نثار خان، خورشید خٹک،جے یو آئی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمان،آصف اقبال داؤد زئی، پاکستان پیپلز پارٹی سے ہمایوں خان،ایوب شاہ  ٗ ملک سعید خان، مسلم لیگ ن سے محمد افضل خان، اختیار ولی، کامران صدیق، راشد محمود، ملک ندیم اور قومی وطن پارٹی کے طارق خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے فیصلوں کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا اور رہبر کمیٹی کی ہدایات کے مطابق صوبے میں اپوزیشن کی سرگرمیوں کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک،جے یو آئی سے آصف اقبال داؤد زئی، پیپلزپارٹی سے ایوب شاہ،مسلم لیگ کے ڈاکٹر عباد اللہ،نیشنل پارٹی کے مختار باچہ  اور قومی وطن پارٹی کے طارق خان شامل ہونگے۔

اس موقع پر متفقہ قرارداد کے ذریعے 13جولائی کو تاجروں کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تاجروں کے جائز مطالبات کی خاطر ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،اجلاس میں شریک اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر رہبر کمیٹی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے قرارداد منظور کی جس میں قبائلی اضلاع میں انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشنوں کے اندر فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں کے اندر بھی اہلکاروں کی تعیناتی سے سوالات اٹھیں گے اور ادارے کی ساکھ متاثر ہو گی۔

 اس کے ساتھ ساتھ عوام اپنی رائے کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں،لہٰذا ملک کے وسیع تر مفاد میں اس فیصلے سے اجتناب کیا جائے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رہبر کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس منعقد ہونگے اور تمام اپوزیشن جماعتیں رہبر کمیٹی کی ہدایات کی پابند ہونگی۔