146

چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، وزیراعظم

اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،چینی قیادت کی ترقی، گورننس اور عوام کو غربت سے نکالنے کی حکمت عملی سے متاثر ہیں، چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، سی پیک پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے میں گیم چینجر ثابت ہوگا،سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے، حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے چینی بزنس کمیونٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں 55سے زائد مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے۔وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور دیگر کے علاوہ پاکستان میں چین کے سفیر بھی موجود تھے۔وزیراعظم ہاوس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ملاقات وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے کی کڑی ہے۔

مختلف صنعتوں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔سمال اور میڈیم شعبے سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے اور انڈسٹری پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری اور انڈسٹری کی منتقلی کے نتیجے میں پہلے سال پچاس ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی عوام گہری دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت کے وژن اور تدبر خصوصا امن و ترقی، گورننس اور عوام کو غربت سے نکالنے کی حکمت عملی سے متاثر ہیں۔ چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے پوٹییشنل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے ضمن میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے۔

 سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے وزارت منصوبہ بندی میں خصوصی شعبہ قائم کیا ہے تاکہ ان منصوبوں کی بلا رکاوٹ پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے (ایز آف ڈوئنگ بزنس)پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔چینی سفیر نے وفد میں شامل مختلف چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور چینی کمپنیوں کی دلچسپی کو اجاگر کیا اور کہا کہ آپ کے دور میں سرمایہ کاری کے فروغ اور غیر ملکی کمپنیوں کو کاروبار میں سہولیات بہم پہنچانے کے ضمن میں واضح پیش رفت اور عزم دیکھنے میں آیا ہے۔ مضبوط، خوشحال اور نیا پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنانے، صنعتی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں چین کی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔