وفاقی کابینہ کی براڈ شیٹ تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دینے کی منظوری

 

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے براڈشیٹ معاملے پرتحقیقات کیلئے کمیٹی کی بجائے کمیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی جس کے سربراہ جسٹس(ر)عظمت سعید شیخ ہونگے۔

 کمیشن45 روز میں رپورٹ دے گا،جبکہ کابینہ نے ایف 9پارک کی زمین کے بدلے سکوک بانڈز اجراء کی سمری مسترد کردی قرض لینے کیلئے بطور ضمانت ایف نائن پارک کی بجائے اسلام آباد کلب کو گروی رکھنے کی منظوری دیدی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کیلئے بنایا گیا ایف 9پارک گروی رکھوانے کی تجویز کیوں آئی؟، عوام کے استعمال میں پارک علامتی طور پر بھی گروی نہیں ہونا چاہیے، اس سے غلط تاثر گیا۔

کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ڈیلی ویجرز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے کمیٹی کی تشکیل نو اور دیگر فیصلوں کی بھی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملہ سامنے آنے سے ہماری جماعت کا مؤقف سچ ثابت ہوا،این آر او کا کلچر ملک کو پیچھے لے گیا،کابینہ نے براڈ شیٹ معاملے پر انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دی ہے،انکوائری کمیشن ریٹائرڈجج جسٹس عظمت سعید شیخ پر مشتمل ہو گا۔

وزیراعظم سینیٹ انتخابات مکمل شفاف دیکھنے کے خواہاں ہیں، اوپن بیلٹ کیلئے آئینی ترمیم لاسکتے ہیں وزارت دفاع نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی سمری واپس لے لی براڈ شیٹ کمیشن حدبیبہ پیپر ملز‘ سرے محل‘ راؤسکندر اقبال‘ آفتاب شیرپاؤ جیسے بڑے ناموں کے تمام کیسز دوبارہ کھولے گا۔

ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنا چاہتے ہیں،اسلامی بینکاری کی شرط کے تحت قرض لینے کیلئے کوئی اثاثہ گروی رکھنا ضروری ہوتا ہے،بجلی کی قیمت نہ بڑھائیں تو گردشی قرضے بڑھ جاتے ہیں،کورونا وبا کے دوران دیگر ایشیائی ملکوں کے مقابلے میں ملکی اقتصادی صورتحال بہت بہتر ہے۔

ویکسین خریدنے کے طریقہ کار اور نجی شعبے کو شامل کرنے کی منظوری دیدی۔منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔وفاقی کابینہ نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ کے حوالے سے آئینی ترمیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 سیکرٹری فنانس نے سکوک بانڈز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا یہ اسلامی بانڈ ہے، ماضی کی غلطیاں درست کرنے کیلئے ان بانڈز کا اجرا کرنے کا سوچا، یہ گروی رکھنا صرف علامتی طور پر ہے، عملی طور پر اس سے فرق نہیں پڑتا، سکوک بانڈز کیلئے زمین کی ویلیو بھی دیکھنا پڑتی ہے۔ایک وفاقی وزیر نے طنزا کہا کہ اگر علامتی ہی تھا تو پھر صدر ہاؤس رکھوا دیتے۔

وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامییے کے مطابق مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری کی جانب سے وفاقی کابینہ کو حکومت کی ٹاسک فورس برائے کفایت شعاری وتنظیم نوکی جانب سے وزارتوں اور ڈویڑنز میں 70ہزارخالی آسامیاں ختم کرنے، وفاقی حکومت کے اداروں کی تعداد 441سے کم کرکے324تک رکھنے کے حوالے سے ادراہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ پچھلے دو سالوں میں وزارتوں اور اداروں کے اخراجات نہیں بڑھائے گئے۔ کابینہ نے نیشنل ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ فنڈ کو وزارت برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات اور سپیشل انیشیٹوکے زیر انتظام لانے اور ادارے کے مستقبل کے تنظیمی ڈھانچے کے حوالے سے تشکیل شدہ کابینہ کی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان کی International Network on Bamboo and Rattan (INBAR)ممبر شپ کے حوالے سے الحاق کے دستاویزکی منظوری دی۔کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ڈیلی ویجرز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل انسٹیٹوشنل فسلیٹیشن ٹیکنالوجیزکے زیر انتظام تمام درجوں کی ملازمت پر پاکستان اسینشل سروسز(مینٹیننس)ایکٹ1952کے اطلاق میں 6ماہ تک توسیع کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن اور سکیورٹی پیپرز لمیٹڈ کراچی کے ملازمین پر پاکستان اسینشل سروسز(مینٹیننس)ایکٹ1952کے اطلاق میں 6ماہ تک توسیع کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے نادراکے مالی سال 2019-20ء کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کے لیے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کے تقرر کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی درآمد کے حوالے سے وزارت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز،ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن کی جانب سے سفارشات کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے ورکرز ویلفیئر فنڈہاؤسنگ الاٹمنٹ پالیسی 2020کے مسودے اوراس پالیسی کے تحت ورکرز ویلفیئرفنڈ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 20جنوری 2021ء  کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی چند ہدایات کی روشنی میں توثیق کی۔و

فاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کے 20جنوری 2021ء کو منعقد ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔

وفاقی کابینہ نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کی تعیناتی کی منظوری دی۔کابینہ نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے انتخابات کے حوالے سے نامزدگیوں، جن میں سیدخالد سراج، ظفر مسعود، محمد ریاض خان، شمامہ تل امبر ارباب، جہانزیب درانی، اکبر ایوب خان شامل ہیں، کی منظوری دی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں وزارت دفاع نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی سمری واپس لے لی۔