پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا ہے اور پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرسلامتی کونسل کے تین اجلاس ہوچکے ہیں،اور دنیا سمجھ چکی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیا خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت ہندوتوا نظریے سے مسلمان اور دیگراقلیتوں کو دیوارسے لگا رہا ہے،اورمقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کوبدلنا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 18ماہ سے مقبوضہ کشمیرمیں مکمل بلیک آؤٹ ہے، اور قابض افواج کے انسانیت سوزمظالم جاری ہیں،نہتے کشمیریوں کے گھروں کو نذرآتش کیا جارہا ہے اور بھارتی فوج نے حریت رہنماؤں کو مسلسل قید میں رکھا ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کا رویہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، تاہم بھارتی جبرسے حریت تحریک کو مزید تقویت ملی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا ہے، اور اب خود  بھارتی میڈیا بھی مودی سرکارکے مظالم کے خلاف آوازبلند کررہا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کیلئے لڑیں گے۔