حکمران جماعت دھڑوں میں تقسیم، سینیٹ میں پی ٹی آئی ووٹ مخالف جماعتوں کو ملیں گے۔ سراج الحق

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی، اس بار سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کے ووٹ ان کی مخالف جماعتوں کو ملیں گے۔

تیمرگرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت کو اپنی ناکام پالیسوں کی وجہ سے بدترین شکست ہوئی، ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں کھلی عام دھاندلی ہوئی لیکن تاحال کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی، حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی، عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، ملک میں پانی کی قلت ہونے والی ہے لیکن حکومت سوئی ہوئی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکمران آئے روز بجٹ پیش کررہے ہیں جس کی وجہ سے عوام خودکشیوں پر مجبورہیں، حکمران جماعت خود دھڑوں میں تقسیم ہے، لگ رہا کہ سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی ایم پی ایز کے ووٹ مخالف جماعتوں کو ملیں گے۔

امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ  ہم ملک میں اسلامی نظام اور اسلامی نظام معیشت چاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام دینی مدارس کے لیے ایک بورڈ قائم کیا جائے، لیکن ہر فرقے کے لیے الگ الگ بورڈز قائم ہیں جو کہ مدارس کے ساتھ ظلم ہے

جماعت اسلامی کے امیر  کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اپنے مفادات کے لیے دینی مدارس کو تقسیم کیا، حق کی جنگ کے لیے علما آگے ائیں اور مدارس کے خلاف سازشیں نا کام بنائیں کیوں کہ دنیا میں حق و باطل کی جنگ ہے اور یہ جنگ علماء اور دین والوں کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی۔