ملک بھر میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز

ملک بھر میں  60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق سائنو فارم ویکسین60 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جارہی ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے چینی ویکسین سائنو فارم 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگانے کی اجازت دی تھی۔

محکمہ صحت کے مطابق ویکسین لگانے کے بعد بزرگ شہریوں کو 30 منٹ کیلئے مراکز میں رکھا جائے گا۔

 وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو مجموعی طور پر56 ہزار ویکسین ملی ہیں۔

ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی کورونا ویکسینیشن کا عمل شروع ہوگیا ہے، اسپتالوں میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح میں 80 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی، 4 ہزار سے زیادہ بزرگ شہریوں نے کورونا ویکسینیشن کیلیے رجسٹریشن کروائی، بزرگ شہریوں کی صحت سے متعلق معلومات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔