الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کےخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ الیکشن سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ارکان اسمبلی کو فنڈز کے اجرا کیخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق ممبرالیکشن کمیشن کے پی ارشاد قیصر کی سر براہی میں تین رکنی کمیشن نے سینیٹ انتخابات سے قبل اراکین اسمبلی کو فنڈز کے اجراء معاملے پر وزیراعظم کیخلاف پیپلز پارٹی کی درخواست کی سماعت کی۔

درخواست گزار پیپلزپارٹی کے رہنما سید نیر حسین بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل ارکان اسمبلی کو فنڈز کی صورت میں رشوت دی گئی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی۔

نیر حسین بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کا ارکان کو فنڈز دینے کا اعلان رشوت دینے کے زمرے میں آتا ہے، انہوں نے آرٹیکل 181 کی خلاف ورزی کی جس پر سزا دی جاسکتی ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی الیکشن کمیشن کی توہین کے مترادف ہے، جس پر الیکشن کمیشن تین سال سزا اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرسکتا ہے، وزیر اعظم کے اعلان پر الیکشن کمیشن ازخود نوٹس لینے کا اختیار رکھتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد نیر حسین بخاری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین اسمبلی کو فنڈز دینے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔