پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی مستعفیٰ

 

کراچی :  تحریک انصاف  کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے این اے 249 ضمنی انتخاب کے لیے ٹکٹ پر اختلاف کے باعث اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

پی ایس 116 سے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے اپنا استعفیٰ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بھجوا دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے خطوط میں بھی یہ کہا تھا کہ امجد آفریدی این اے 249 ضمنی انتخاب کے لیے موزوں امیدوار نہیں ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ان کے ایک خط میں مقامی قیادت کے دستخط بھی موجود تھے اور سب کا اس بات پر اتفاق تھا کہ امیدوار کا تعلق اسی حلقے سے ہونا چاہیے، لیکن میرے خطوط کے باوجود پارلیمانی بورڈ نے امجد آفریدی کو این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے ٹکٹ جاری کردیا۔

 

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ امجد آفریدی اتنے اہل نہیں ہیں کہ یہ نشست اپنے پاس رکھ سکیں۔

امجد آفریدی پی ٹی آئی ضلع غربی کراچی کے صدر ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ 249 سے 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے فیصل واڈا نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو محض 718 ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔

تاہم اسی ماہ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دی تھا۔

الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 249 کا پولنگ شیڈول بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق حلقے میں 29 اپریل کو ضمنی انتخاب ہوگا۔