ملک کیخلاف بولنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ن لیگی رہنماء جاوید لطیف کی درخواست پر سماعت کے دوران شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ملک کیخلاف بولنے والے کسی ریلیف کے مستحق نہیں، پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگانے والوں کو لوگ چیونٹیوں کی طرح مسل دیں گے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے جاوید لطیف کی درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس محمد قاسم خان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کالے کوٹ والے نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا تھا، جو شخص ملک کے خلاف بات کرے میں اس کو ریلیف نہیں دوں گا، پہلے اس ملک کے خلاف بات کرنا پھر اس ملک کی عدالتوں سے ریلیف لینے آجانا، ایسے نہیں ہوگا۔

چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیے کہ ہماری حب الوطنی ہے یا حب الشخصی ہے، پاکستان کی اسمبلیوں میں حلف لینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، جاوید لطیف چھوڑ دیں پاکستان ،کسی اور ملک کی شہریت لے لیں، پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگانے والوں کو لوگ چیونٹیوں کی طرح مسل دیں گے۔

جاوید لطیف کے وکیل نے درخواست واپس لے لی تو عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادی۔