279

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، احسن اقبال بھی شریک ہوئے

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس کے دوران ملکی سلامتی اور معاشی صورت حال سمیت گیارہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سرکاری اداروں میں حکام کے تقرر پر غور کے ساتھ  ساتھ مختلف ملکوں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری بھی دی گئی۔

قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی صحت یابی کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ارکان کابینہ نے گرمجوشی سے احسن اقبال کا استقبال کیا اور صحت یابی پر انہیں مبارکباد دی۔

احسن اقبال نے کابینہ ارکان کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ اس ماہ کی 6 تاریخ کو وزیر داخلہ احسن اقبال پر نارووال کے علاقے کنجروڑ میں اُس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ جلسہ گاہ سے روانہ ہو رہے تھے، گولی چلانے والے ملزم عابد حسین کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا گیا، جبکہ احسن اقبال کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔

بعدازاں احسن اقبال کو وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہیلی کاپٹر میں نارروال سے لاہور منتقل کیا گیا، جہاں سروسز اسپتال میں ان کی سرجری کی گئی۔

وزیرداخلہ کو 14 مئی کو اسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر منتقل کردیا گیا تھا اور ڈاکٹروں نے انہیں کچھ دن آرام کا مشورہ دیا تھا۔