504

گھنٹہ گھر سبز ی منڈی میں فائرنگ سے 3افراد قتل

پشاور۔تھانہ کوتوالی کے علاقہ گھنٹہ گھر سبزی منڈی پیشی بھگتنے کے بعدواپس جانیوالے 2 افراد کو مسلح ملزموں نے بھرے بازار میں اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا فائرنگ کی زد میں سبزی فروش بھی جاں بحق ہوگیا اندھا دھند فائرنگ سے بازارمیں بھگڈر مچ گئی اور لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرارہوگئے مقتولین اور ملزموں کے مابین سابقہ دشمنی چلی آرہی ہے پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

پولس کے مطابق گزشتہ روز شریف اللہ ولد مفتی اللہ اورشمس الحیات ولد عمر حیات ساکنان بازید خیل پیشی بھگتنے کے بعد واپسی پر سبزی منڈی گھنٹہ گھرمیں سودا سلف خرید رہے تھے کہ اس دوران مسلح ملزموں وقاص ولد حیات ٗ شعیب اور زوہیب نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شریف اللہ اور شمس الحیات موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ سبزی فروش صابر ولد تازہ گل شدید زخمی ہوگیا مجروح کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم تو ڑگیا ۔

دوسری جانب ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے پولیس کے مطابق وجہ عناد سابقہ دشمنی ہے تاہم رپورٹ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ دوسری جانب کوتوالی پولیس نے گھنٹہ گھر فائرنگ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتولین اور ملزموں کے مابین 10 سال سے دشمنی چلی آرہی ہے جبکہ مخالف فریق کی جانب سے ایک شخص کو 25سال قید کی سزا ہوئی ہے جو جیل میں قید ہے۔

پولیس کے مطابق ملزموں نے کئی بار مقتول گروپ پر جرگہ کرکے راضی نامہ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ان کی جانب سے مسلسل انکار تھا اور گزشتہ روز پیشی کے بعد موقع ملتے ہی فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا پولیس کے مطابق اس سے قبل بھی ملزم فریق کی جانب سے مقتول فریق کے دوافرادکو قتل کیاگیا ہے ۔ قتل ہونیوالے تینوں مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں دوسری جانب واقعہ کے خلاف تاجروں نے احتجاجاً دکانیں بھی بند کردیں ادھر نعشیں گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اورلواحقین دھاڑیں مار مار روتے رہے ۔