ڈی چوک سیل،پی ٹی آئی کو لانگ مارچ سرینگر ہائی وے تک محدود رکھنےکی مشروط اجازت

ذرائع کے مطابق اتحادی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔اتحادیوں میں طے پایا ہے کہ پی ٹی آئی سری نگر ہائی وے پر اگر پرامن مارچ کرے گی تو اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی،تاہم سری نگر ہائی وے سے آگے آنے کی صورت میں قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ اگر تحریک انصاف قانونی حدود میں رہتے ہوئے لانگ مارچ کرتی ہے تو کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے اتحادیوں سے رابطے کرکے اتفاق رائے میں اہم کردار ادا کیا  جس کے بعد پی ٹی آئی کو سری نگر ہائی وے تک ہی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش کی تو پھر قانونی طریقے سے نمٹا جائے گا۔

اتحادیوں ںے ملک میں انتشار و افراتفری کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے ہر بھی اتفاق کیا۔ آج ہونے والی حکومت اور اتحادی جماعتوں کی اہم بیٹھک میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے مزید مشاورت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اتحادیوں سے حتمی مشاورت کے بعد وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خاں کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے گا، مشاورتی اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔

سابق صدر آصف علی، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گی۔

یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو ختم کر کے ملک میں فوری شفاف انتخابات کروائے جائیں۔