آلوؤں کی آڑ میں سینکڑوں کلو چرس دبئی بھیجنے کی کوشش ناکام 

کراچی:اینٹی نارکوٹکس فورس نے آلوؤں کی آڑ میں سینکڑوں کلو چرس دبئی بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

اے این ایف انٹیلی جنس نے کراچی میں واقع پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی بھیجے جانے والے آلوؤں پر مشتمل کنٹینر سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔

تلاشی لینے پر آلوؤں سے بھری 157 بوریوں سے مجموعی طور پر 315 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، مذکورہ کنٹینر کراچی کی ایک نجی کمپنی کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔

اے این ایف نے کراچی کے رہائشی عبدالقدیر بھٹی نامی ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزم کو اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کر کے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔