534

فوڈ اتھارٹی کا حلوائیوں اور بیکریوں کیخلاف آپریشن

پشاور۔خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے عید سے قبل بیکریوں، مشروبات اور حلوائیوں کیخلاف خصوصی کاروائی کرتے ہوئے صوبے کے مختلف اضلاع میں چھاپوں کے دوران دس لاکھ کے جرمانے عائد کردیے ہیں جبکہ بھاری مقدار میں مضر صحت اشیایے خوردونوش کو تحویل میں لیکر ضائع کیا گیا جبکہ 15 بیکریوں اور دو مشروبات فیکٹریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تالے لگائے گئے ہیں۔

ترجمان کے پی فود اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق پشاور میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم خصوصی کریک ڈان کے دوران آٹھ بیکریوں کو سیل کردیا جبکہ تین سو کلو سے زائد ملاوٹی بیکری کو تلف کردیا۔ ٹیم نے دلہ زاک، ورسک اور رنگ روڈ، گلبہار، پشاور صدر، حیات آباد اور یونیورسٹی روڈ پر واقع مختلف بیکریوں پر چھاپے مارے اور بیکریوں کی خستہ حالی اور خراب خام مال کے استعمال ہر متعدد بیکریوں کیخلاف کاروائی کی اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف پانچ لاکھ کے جرمانے عائد کردئے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مردان میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ مارکر ہزاروں لیٹر مضر صحت مشروبات ضائع کرکے فیکٹری کو سیل کردیا جبکہ بنوں میں بھی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے ایسی ہی ایک فیکٹری کو سیل کردیا جو کہ جعلی مشروبات بنارہی تھی۔