لسبیلہ حادثہ: بس میں ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جارہا تھا، فیصل ایدھی

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے دعویٰ کیا ہےکہ لسبیلہ میں حادثے کا شکار ہونے والی بس کے ذریعےکئی ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جا رہا تھا۔

جناح اسپتال کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ حادثات ہر سال ہوتے ہیں لیکن حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاتے، حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

خیال رہے کہ لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 42 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی کی طرف جا رہی تھی کہ بیلہ میں چنیکی اسٹاپ کے قریب کھائی میں گر کر حادثے کا شکار ہوگئی۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کے مطابق کوچ میں 44 مسافر سوار تھے ، امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، زخمیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد دے کر مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنرکا کہنا ہےکہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائےگا۔