چین اور کرغیزستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے

چین کے سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے اور کرغیزستان میں پیر کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 تھی، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

 چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (CENC) نے رپورٹ کیا کہ زلزلے کا مرکز 40.01 ڈگری شمالی عرض بلد اور 82.29 ڈگری مشرقی طول بلد میں 50 کلومیٹر کی گہرائی کے ساتھ دیکھا گیا۔ زلزلے کا مرکز الائر شہر سے 105 کلومیٹر اور شایا کاؤنٹی سیٹ سے 141 کلومیٹر دور ایک غیر آباد علاقے میں تھا۔

مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایغور خود مختار علاقے کے ارد گرد محسوس کیے گئے اور ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اب تک اکسو صوبے میں فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کی 15 گاڑیاں اور 70 امدادی کارکن تباہی کے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ شایا کاؤنٹی میں فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کی 10 افراد کی ایک ٹیم کو دو گاڑیوں کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے تاکہ زلزلے کے مرکز کے ارد گرد کے علاقے میں اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔ مقامی پاور گرڈ، تیل اور گیس کے پیداواری یونٹس اور بڑے پیٹرو کیمیکل ادارے زلزلے سے متاثر نہیں ہوئے۔

پیر کی صبح کرغزستان میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل اتوار کو پاکستان میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ زلزلے کے ایسے شدید جھٹکے بڑی تباہی مچا سکتے ہیں۔ اسلام آباد سے لے کر پنجاب کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دوسری جانب ہفتے کی شب ایران میں 5.9 شدت کے زلزلے نے بڑی تباہی مچادی۔ بڑی تعداد میں مکانات کو نقصان پہنچا اور عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ کل تک ایرانی میڈیا نے زلزلے میں 7 افراد کے ہلاک اور 440 کے قریب زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی۔