ملک میں سونے کی قیمت کا نیا ریکارڈ قائم

عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 4 ڈالر کی کمی جب کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت مزید 1500 روپے بڑھ گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 4 ڈالر کی کمی ہوئی، اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1924 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

دوسری جانب پاکستان میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 1500 روپے اور 1286 روپے کا اضافہ ہوا، اور سونے کی نئی قیمت میں ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ بنادیا۔

قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 10 ہزار 500 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 80 ہزار 470 روپے کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔

اس کے برعکس مقامی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی فی تولہ اور دس گرام قیمت بالترتیب 2300 روپے اور 1886 روپے 14 پیسے پر مستحکم رہی۔