کوہاٹ میں کشتی ڈوبنے سے جاں بحق بچوں کی تعداد 30 ہوگئی

کوہاٹ کے تانڈہ ڈیم میں ڈوبنے والے بچوں کی تلاش کےلیے آج دوسرے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آج مزید 19 بچوں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے۔

حکام کے مطابق کل مجموعی طور پر 17 بچے نکالے گئے تھے جن میں 11 جاں بحق ہوئے تھے۔ حادثے میں مجموعی اموات کی تعداد 30 ہوگئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے علاقے زر دسی میں کشتی الٹنے سے 30 سے زائد بچے ڈوب گئے تھے۔

امدادی ٹیموں کے مطابق کوہاٹ میں واقع تانڈہ ڈیم میں بچے پکنک منانے آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے کشتی میں بیٹھ کر ڈیم کی سیر کرنی چاہی۔

طالب علم کشتی میں سوار تھے، جو مدرسے سے تعلق رکھتے تھے، تاہم توازن بگڑ جانے کے باعث کشتی ڈیم کے بیچوں بیچ الٹ گئے۔