روسی صدر نے یوکرین حملے سے قبل برطانیہ پر میزائل داغنے کی دھمکی دی تھی، بورس جانسن 

لندن:سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر پوٹن نے یوکرین پر روس کے حملے سے ایک رات قبل ”غیر معمولی“ فون کال میں انہیں میزائل حملے کی دھمکی دی تھی۔

یہ دعویٰ غیر ملکی خبرر ساں ادارے بی بی سی کی ایک دستاویزی فلم میں کیا گیا ہے جس میں روسی صدر پوٹن کی عالمی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کا جائزہ لیا گیا ہے۔

دستاویزی فلم میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے روسی صدر پوٹن کو خبردار کیا تھا کہ یوکرین پرحملہ کرنے سے مغربی پابندیاں لگیں گی۔

بورس جانسن نے پوٹن کو جنگ کے محرکات سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الٹا انہیں ہی میزائل حملے دھمکی دے دی۔

بورس جانسن نے پیوٹن کو یہ بھی کہا تھا کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں روس کی سرحدوں پر مزید نیٹو فوجی بھی تعینات کیے جائیں گے۔جس پر صدر پوٹن نے انہیں پْرسکون لہجے میں دھمکایا کہ ہم آپ کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے لیکن میزائل سے صرف ایک منٹ لگے گا۔

بورس جانسن نے پوٹن کو یہ کہہ کر روسی فوجی کاروائی کو روکنے کی بھی کوشش کی کہ یوکرین ”مستقبل کے لیے“ نیٹو میں شامل نہیں ہوگا۔