نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت سے عملدرآمد یقینی بنائینگے، وزیراعظم 

پشاو: وزیراعظم  شہباز شریف نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت اور جامعیت سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

 دہشت گرد پاکستان کے دفاع پر مامور اداروں پر حملے کرکے خوف ودہشت کی فضا پیدا کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں جسے ریاست اور عوام کے اتحاد کی قوت سے ناکام بنائیں گے۔

 دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہم شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت اور جامعیت سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف پیر کو ہنگامی دورے پر پشاور پہنچے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا -

اس موقع پر وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔ 

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو کور کمانڈر پشاور نے دہشت گردی کے عوامل اور محرکات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا نے پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش حملے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔

 وزیراعظم کو پولیس لائنز میں خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔

شرکا نے پولیس لائنز حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے اداروں، پولیس کی صلاحیت اور استعدادِ کار میں اضافہ کیاجائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت اور جامعیت سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔