عمران خان پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کیس میں عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت کی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کا ریفرنس عدالت کو بھیجا تھا۔

عدالت نے عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ عمران خان پر فرد جرم آئندہ سماعت میں 7 فروری کوعائد کی جائے گی۔

عدالت نے عمران کو ذاتی پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔عدالت نے عمران خان کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں عدالت نے آج عمران خان کو طلب کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔

عدالت نے وکیل علی بخاری سے استفسار کیا کہ عمران خان کا وکالت نامہ کدھر ہے جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ وکالت نامہ اس وقت تک نہیں آ سکتا جب تک عمران خان خود نا آئیں۔

وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ سماعت پر عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔ عدالت نے وکیل کو آج وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ وکیل کا موقف تھا کہ جب تک شورٹی بانڈز نہیں آ جاتے تب تک یہ وکالت نامہ نہیں دے سکتے۔