عاطف اسلم کا گانا گانے پر بھارتی گلوکار کیلاش کھیر پر حملہ

کرناٹک: بھارتی مشہور گلوکار کیلاش کھیر پر کنسرٹ کے دوران تماشائیوں نے حملہ کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطا بق کیلاش کھیر پر ریاست کرناٹک کےعلاقے ہیمپی میں کنسرٹ کے دوران تماشائیوں نے بوتلیں پھینک دیں تاہم گلوکار اس حملے میں محفوظ رہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گلوکار پر حملہ کناڈا زبان کے بجائے ہندی زبان میں عاطف اسلم کا گانا ’توجانے نہ‘ سمیت دیگر ہندی گانوں پر پرفارم کرنے پر کیا گیا، تماشائیوں کا مطالبہ تھا کہ کیلاش کھیر صرف کناڈا زبان میں ہی گلوکاری کریں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیلاش کھیر پر پرفارمنس کے دوران پانی کی بوتلیں پھینکی گئیں تاہم گلوکار نے تماشائیوں کی اس حرکت کو نظر انداز کرتے ہوئے گانا جاری رکھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے کیلاش کھیر پر حملہ کرنے والے تماشائیوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔