وادی نیلم، سیاحوں کی گاڑی کے حادثہ میں 9افراد جاں بحق

مظفر آباد:آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں سیاحوں کی گاڑی کے حادثہ میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈرائیور سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، ایک سیاح کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ 8 جاں بحق افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں دن بھر جاری رہیں تاہم لاپتا سیاحوں کے زندہ بچ جانے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔

ضلع نیلم کے بالائی علاقے گریس ویلی پھلاوئی کے مقام پر گزشتہ رات تاؤ بٹ سے واپسی پر جیپ پھلاوئی کے مقام پر بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جاگری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، پولیس، پاک فوج کے جوان موقع پر پہنچ گئے،امدادی ٹیموں نے ایک سیاح کی نعش نکال لی جبکہ ڈرائیور سمیت پانچ زخمیوں کو بھی ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس چوکی افسر پھلاوئی سید امداد شاہ کے مطابق جیپ بے قابو ہو کر دریائے نیلم کے وسط میں جاگری تھی جس کی وجہ سے آٹھ سیاح دریائے نیلم کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے تاہم انتظامیہ کے مطابق اب ان سیاحوں کے زندہ بچنے کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے ہیں۔

 پولیس کے مطابق زخمیوں میں دو مقامی افراد کے علاوہ تین سیاح بھی شامل ہیں، جبکہ ایک سیاح کی نعش کو مظفرآباد سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والوں غلام میر،معین، حسنین شہزاد، شاہ نواز، مقصور، ولید ابرار، حسن صفدر، زین صفدر، بلال مقبول، اظہر اشرف، رحیم خان، راحیل شامل ہیں جن کا تعلق لاہور اچھرہ کی ایک ہی فیملی سے ہے جبکہ جائے وقوعہ سے صرف غلام میر کی لاش مل سکی۔لواحقین کے مطابق معین، زین صفدر اور حسنین کی حالت تشویش ناک ہے۔