77 سالہ بزرگ خاتون کا انوکھا اقدام!

دل جوان ہو تو عمر کے ہندسے کوئی معنی نہیں رکھتے امریکا میں بھی ایک 77 سالہ خاتون نے ایسا انوکھا کام کیا کہ جس نے سنا حیران رہ گیا۔

امریکا میں مقیم 77 سالہ ڈروتھی عرف ڈوٹی جو نانی دادی کے منصب پر بھی فائض ہیں نے زندگی کو دلچسپ بنانے کے لیے انوکھا فیصلہ کیا اور خود ہی شادی رچا لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈروتھی عرف ڈوٹی کی شادی اوہایو کے ایک کمیونٹی ہال میں ہوئی جس میں ان کے دوست اور اہلِ خانہ کے افراد بھی تھے۔ مذکورہ خاتون کی 1965 میں شادی ہوئی تھی جو صرف 9 برس تک چل سکی تھی اور گزشتہ 49 برس سے وہ تنہا زندگی بسر کر رہی تھیں۔

اس دوران انہوں نے اپنی توجہ اپنے بچوں اور پھر ان کے بچوں کی پرورش اور دیکھ بھال کی جانب مرکوز رکھی اور اب جب ان کے پوتا پوتی اور نواسے نواسیاں بڑے ہوچکے ہیں تو انہوں نے بقیہ زندگی اپنے لیے جینے کا فیصلہ کرتے ہوئے خود سے شادی کا فیصلہ کیا۔

ڈورتھی کی بیٹی نے شادی کی اس تقریب کے لیے اپنی ماں کا پسندیدہ لباس خریدا، پھول پسند کیے اور طرح طرح کے کھانے تیار کیے تھے۔ تقریب میں دومنزلہ سفید کیک بھی تیار کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل انہیں خیال آیا کہ 40 سال سے زائد وہ شادی کے بغیر ہیں تو کیوں نہ کوئی خاص قدم اٹھایا جائے۔

شادی کے بعد ڈروتھی نے کہا کہ میری زندگی اب مجھ سے ہی متعلق ہے اور آج کا دن میرے لیے خاص ترین دن بھی ہے۔