کتنے عرصے بعد بال لازمی کاٹنے چاہئیں؟ ماہرین نے درست وقت بتادیا

بال کٹوانے سے ہمیشہ ہی ایسا محسوس ہوتا ہے گویا آپ کی شخصیت میں نکھار سا آگیا ہو اور یہ تبدیلی بھی مثبت محسوس ہوتی ہے خواہ مرد حضرات ہوں یا خواتین لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کتنے عرصے بعد بال کٹوانے چاہئیں؟

یہ تو سب کے علم میں ہے کہ ماہرین کی جانب سے ہر کچھ عرصے بعد بال کٹوانے کا مشورہ دیا جاتا ہے لیکن یہاں یہ بات اہم ہے کہ بال کٹوانے سے مراد مکمل ہیئر کٹ نہیں ہوتا، آپ کے بالوں کو اچھی صحت کے لیے ٹرم ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔

آئیے جانتے ہیں کہ اس حوالے سے ماہرین کیا بتاتے ہیں۔

*خواتین کے بال اگر بہت لمبے ہیں تو وہ جتنا چاہیں ٹرم یعنی نیچے سے کٹوا سکتی ہیں، اس سے دو منہ کے بال ہونے سے بچ جائیں گے لیکن اگر آپ کے بال زیادہ لمبے نہیں تو کوشش کریں کہ انہیں نیچے سے اتنا کاٹا جائے کہ دو منہ کے بال ختم ہوجائیں۔

*بال کٹوانے کے دورانیے سے متعلق ماہرین کی رائے ہے کہ ہر 6 سے 8 ہفتوں بعد بالوں کی ٹرمنگ لازمی کروانی چاہیے، جب کہ مرد حضرات بھی اسی وقفے سے بال کٹوائیں۔ یعنی اگر آپ چاہتے ہیں کہ بال صحت مند رہیں اور ان کی لمبائی میں اضافہ ہوتا رہے، تو ضروری ہے کہ انہیں ڈیڑھ سے دو مہینے بعد لازمی کٹوائیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ کے بال مردہ کیراٹین سے بنے ہوتے ہیں اور اندرونی ساخت کھل جانے کی وجہ سے سرے سے ٹوٹنے کا خدشہ رہتا ہے، جسے ہم عام زبان میں دو منہ کے بال ہونا کہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بالوں کو تراشنا انتہائی ضروری ہے۔

بالوں بڑھانے کی خواہش رکھنیوالی خواتین کو بھی ہر 6 سے 8 ہفتے بعد بال کاٹنا ضروری ہوگا؟

یہ وہ سوال ہے جو اکثر خواتین کے ذہن میں ہوتا ہے، جینیات اور آپ کی اپنی صحت کے لحاظ سے بال ہر ماہ اوسطاً 0.5-1.7 سینٹی میٹر بڑھتے ہیں۔ 

یہاں تک کہ اگر آپ اسے  بڑھانے کا سوچ رہی ہیں، تب بھی ہر 6-8 ہفتوں میں اسے ٹرم کرنا آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔