فیس بک کی خاموشی سے اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن میں بڑی تبدیلی

دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک فیس بک نے خاموشی سے اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن میں ایسی تبدیلی کی ہے جس کا علم بیشتر افراد کو نہیں ہوسکا۔

درحقیقت اس تبدیلی کے بعد ڈیسک ٹاپ ورژن پر فیس بک استعمال کرنے کا تجربہ بدل جائے گا۔

اگر آپ کو علم نہیں ہو سکا تو جان لیں کہ فیس بک نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کے بعد ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے بھی 2 ہوم فیڈ متعارف کرا دیے ہیں۔

ایک تو وہی معمول کا ہوم فیڈ ہے جو فیس بک پر سائن ان ہونے کے بعد نظر آتا ہے، جس میں الگورتھم سسٹم پوسٹس کا تعین کرتا ہے۔

مگر ایک بالکل نیا ہوم فیڈ بھی خاموشی سے متعارف کرایا گیا ہے جس میں دوستوں، گروپس، فیس بک پیجز اور فیورٹس اکاؤنٹس کی نئی پوسٹس کو دیکھنا ممکن ہے جبکہ  وہاں سجیسٹڈ فار یو پوسٹس نظر نہیں آئیں گی۔

یہ نیا ہوم فیڈ فیس بک ویب سائٹ پر بائیں جانب موسٹ ریسنٹ کے آپشن میں چھپا ہوا ہے، جس کا نام تبدیل کرکے فیڈز (موسٹ ریسنٹ) رکھ دیا گیا ہے۔ 

جولائی 2022 میں موبائل ایپس کے لیے اس تبدیلی کو متعارف کراتے ہوئے مارک زکربرگ نے بتایا تھا کہ صارفین کی جانب سے ایک فیچر کا بہت زیادہ مطالبہ کیا گیا تھا اور وہ یہ تھا کہ وہ اپنے دوستوں کی تمام پوسٹس دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی لیے ہم نے ایک نیا ہوم فیڈ متعارف کرایا ہے جہاں آپ اپنے دوستوں، گروپس، پیجز اور دیگر پوسٹس کو کرانیکل آرڈر میں دیکھ سکیں گے۔

خیال رہے کہ فیس بک میں صارفین کی ممکنہ دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے  الگورتھمز کی جانب سے مواد ریکومینڈ کیا جاتا ہے مگر ڈیسک ٹاپ ورژن کا نیا ہوم فیڈ بنیادی طور پر تازہ ترین پوسٹس کا ڈسکوری انجن ہے۔

میٹا کی جانب سے فیس بک میں کی جانے والی یہ تبدیلی اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو ٹک ٹاک جیسا بنانے کی کوششوں کا حصہ محسوس ہوتی ہے۔

ٹک ٹاک میں بھی متعدد نئی فیڈز کا اضافہ حالیہ مہینوں میں کیا گیا ہے تاکہ صارف اپنی پسند کے موضوع پر مبنی مواد کو آسانی سے تلاش کر سکیں۔