مداحوں کیلئے اگلے سیزن میں کھیلنے کے خواہشمند ہیں، ایم ایس دھونی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنئی سُپر کنگز کی قیادت کرنے والے مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ میری طرف سے مداحوں کیلئے تحفہ ہوگا کہ اگر میں ان کیلئے ایک اور آئی پی ایل کا سیزن کھیلوں۔

آئی پی ایل کا فائنل میچ جیتنے کے بعد میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے اس وقت اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا آسان اور اچھا ہوگا۔

ایم ایس دھونی کا کہنا تھا کہ یہ سب میری جسمانی صحت پر منحصر ہے لیکن میرے مداحوں کیلئے یہ تحفہ ہوگا اگر میں انکے لیے آئی پی ایل کا ایک اور سیزن کھیلوں۔ اگرچہ میرے لیے یہ آسان نہیں لیکن میرے فینز کیلئے بہترین تحفہ ہوگا۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ مجھے جتنا پیار اور جتنی محبت اپنے چاہنے والوں کی جانب سے ملی، اس کا شکریہ کہنا آسان ہوگا جبکہ آئندہ 9 ماہ سخت محنت اور ٹریننگ کرنے کے بعد انکے لیے ایک اور آئی پی ایل کھیلنا مشکل ہوگا۔

خیال رہے کہ ایم ایس دھونی چنئی سپر کنگز کو اپنی قیادت میں 5 مرتبہ ٹائٹل جتوا چکے ہیں۔