ایک کینیڈین ائیر لائن کی جانب سے ٹورنٹو سے پاکستان کے تین بڑے شہروں کیلئے جلد براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
نئی کینیڈین ائیر لائن ’زارا ایئرویز‘ کی جانب سے اس سلسلے میں تقریب کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ زارا ائیرویز کی پروازیں ٹورنٹو سے پاکستان کیلئے آپریٹ کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فقیر باور حسین بخاری کا کہنا تھا کہ ان کا ارادہ ہے کہ بہت جلد زارا ایئرویز کا آپریشن شروع کیا جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھ شاہین ائیرپورٹ سروس کو شامل کیا ہے، شاہین ائیرپورٹ سروس میں ہم ان کی گراؤنڈ سروس کیبن کریو اور دیگر اسٹاف استعمال کریں گے۔
سی ای او ’زارا ائیرویز‘ سید قلی نے تقریب میں بتایا کہ کمپنی کینیڈا سے این او سی کا انتظار کر رہی ہے۔ کوشش ہے اگست میں اپنے آپریشن کا آغاز کریں۔
سید قلی نے بتایا کہ مسافروں کی بڑی تعداد ڈائریکٹ فلائٹس لینا چاہتی ہےجو ہم فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایڈوائزر کی حیثیت سے سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کمپنی کو رہنمائی فراہم کریں گے۔ اعجاز ہارون نے بتایا کہ ڈائریکٹ آپریشن مسافروں کی ترجیح ہے، بزرگ مسافروں کو کنیکٹنگ فلائٹس اور بڑے بڑے ائیرپورٹ پر مسافت سے بچانا ہمارا مقصد ہے۔
اعجاز ہارون نے مزید کہا کہ لوگ چاہتے ہیں ان کے بزرگ اور فیملی کینیڈا سے چلیں اور ڈائریکٹ پاکستان ان کی منزل ہو۔ ائیر کینیڈا سے بات چیت جاری ہے وہاں کے ایوی ایشن قوانین کے مطابق معاملات حل کررہے ہیں۔
سید قلی نے مزید بتایا کہ دو 777 ایل آر طیاروں سے آپریشن شروع کریں گے اور سول ایویشن سے سلاٹس ملنے پر طیاروں کی تعداد بڑھا بھی سکتے ہیں۔