200

عمران خان کا طاہرالقادری کی احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کا اعلان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 17 تاریخ کو سانحہ ماڈل کے حوالے سے احتجاجی تحریک کے لئے نکل رہے ہیں اور 18 جنوری کو پوری قوت کے ساتھ پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ نکلیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد حکومت اور پولیس پر ختم ہوگیا، جب اداروں پر اعتماد ختم ہوجاتا ہے تو لوگ سڑکوں پر توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 7 سالہ بچی زینب کے والد بھی انصاف پنجاب حکومت یا پولیس سے نہیں مانگ رہے بلکہ آرمی چیف اور چیف جسٹس سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں،  جس پولیس کا کام لوگوں کی حفاظت ہے اور ایک خاندان کی حفاظت کر رہی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریف برادران کو 19 سال پنجاب میں حکومت کرتے ہوگئے، آج پولیس کا حال دیکھیں، ہم پولیس میں اصلاحات کر رہے ہیں اور انہوں نے پولیس کی وردیاں بدل دیں، کیا کپڑے بدلنے سے کارکردگی بہتر ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین آج بھی انصاف کے لئے سڑکوں پر ہیں، ہمارے کارکن حق نواز کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا کسی نے کچھ نہیں کیا اور قصور میں بھی پولیس نے مظاہرین پر سیدھی فائرنگ کی، کونسی پیشہ ور پولیس اس طرح سے کرتی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ساری پولیس میں بھرتیاں رائے ونڈ سے ہوتی ہیں، پنجاب پولیس ایسی نہیں انھوں نے خود پولیس کو خراب کیا، آج لوگ خیبرپختونخوا پولیس کی تعریف کرتے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مہذب معاشرے میں ایسے اقدامات کیے جاتے ہیں کہ مستقبل میں ایسا نہ ہو، دیگر ملکوں میں بھی ایسے جرائم ہوتے ہیں لیکن مجرم پکڑے جاتے ہیں۔