224

قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 70ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

اسلام آباد: بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ  کا 70واں یوم وفات آج منگل کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے پاکستان معرض وجود آیا۔ قائد اعظم قیامِ پاکستان کے بعد 11 ستمبر 1948 کو اپنی وفات تک ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے۔

آج کا دن ایک ایسے عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے کہ جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 70 ویں یوم وفات کے موقع پر مختلف تقریبات میں بانی پاکستان کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ بانی پاکستانی کی برسی کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد میں محمدعلی جناحؒ کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرنے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگراموں اور قومی و علاقائی اخبارات میں خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا۔