162

عمران خان کے کراچی کو عظیم شہر بنانے کیلئے 10 نکات

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے  کرپشن کو ختم کریں گے اور ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔عمران خان نے اپنے خطاب میں کراچی کو عظیم شہر بنانے کے لیے 10نکات کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ان نکات پر عمل کرانے کے لیے ہی کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

1۔ پانی کا مسئلہ

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب میں پانی نہیں ہے جس کی دو وجوہات ہیں، ایک تو منصوبہ بندی نہیں ہوئی اور دوسرا یہاں پر مافیا بیٹھے ہوئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ جب تک اوپر کی لیڈرشپ کی انہیں پشت پناہی نہ ہو وہ کام ہی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا انتظام بدلیں گے، میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے، تحریک انصاف میئر کے لیے ایسا آدمی لائے گی جسے ایڈمنسٹریشن کا تجربہ حاصل ہوگا، اس کے ساتھ پوری ٹیم ہوگئی جو ماہرین پر مشتمل ہوگی، اسے اختیارات دیں گے وہ کراچی کی ذمہ داری لے گا۔

عمران خان کے مطابق آج کراچی کا میئر کہتا ہے کہ اس کے پاس ذمہ داری تو ہے لیکن اختیارات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق سے اختیارات صوبوں کو منتقل ہوئے لیکن صوبوں نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں دیے۔

2- نظامِ تعلیم کی بہتری

عمران خان نے کراچی کے لیے اپنے دوسرے پوائنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر میں نظام تعلیم کو بہتر کریں گے، سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنائیں گے تاکہ غریب کے بچوں کو بھی بہترین تعلیم ملے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ کراچی میں عالمی معیار کی یونیورسٹیاں تعمیر کریں گے۔

3- صحت

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ کراچی میں صحت کا نظام بھی بہتر کریں گے اور سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات کیے ہیں اور انہیں عالمی معیار کے مطابق ڈھال رہے ہیں۔

4-پولیس

عمران خان نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے، الیکشن جیتنے کے بعد کراچی کی پولیس کو ٹھیک کریں گے جس کے بعد یہاں رینجرز کی ضرورت نہیں پڑے گی، پولیس سے ہی کام کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس ماوررائے عدالت قتل میں ملوث ہے، انہوں نے راؤ انوار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو یہ بتائیں کہ راؤ انوار نے کس کے کہنے پر 440 افراد کو قتل کیا۔عمران خان نے کہا کہ کراچی  کی پولیس کا غیر سیاسی ہونا بہت ضروری ہے تاکہ راؤ انوار جیسے لوگوں کو سزا ملے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’بے بی بلاول کہتا ہے کہ عمران خان کو ووٹ نہ دینا، خیبر پختونخوا میں کسی پر سیاسی مقدمہ نہیں بنایا گیا، بلاول بیٹا ذرا پختونخوا میں چیک کرو کتنے مخالفین کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی ہے؟‘

 عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس ہماری نوکر نہیں ،آزاد پولیس ہے ، سیاسی مداخلت نہ ہو تو پولیس بہتر کام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ راؤ انوار اور عابد باکسر جیسے افسران نے بے شمار قتل کیے ہیں اور حکمران ان کی تعریف کر رہے ہوتے ہیں۔ 

5- بزنس

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں بزنس کے لیے بہترین ماحول قائم کریں گے، پوری دنیا سے سرمایہ کاری لائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شیڈو وزیر خزانہ اسد عمر اس سلسلے میں بہت کام کررہے ہیں۔

6- بجلی

عمران خان نے کہا کہ کراچی سے بجلی کے بحران کا خاتمہ کرنے کے  لیے ایک پلان دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اس سے سروکار نہیں کہ کے الیکٹرک کا کیا مسئلہ ہے، انہیں بجلی چاہیے جو فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

7- نوجوان

عمران خان نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، ان کے لیے نئے کھیلوں کے میدان بنائیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ماضی میں کراچی نے ہر شعبے میں بہت سے اسٹارز پیدا کیے ہیں لیکن اب یہ سلسلہ رک گیا ہے کیوں کہ اب نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان اور دیگر سہولتیں موجود نہیں ہیں۔

8- ماحولیات

عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد ماحولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، شہروں میں منصوبہ بندی سے درخت اگائیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں گندگی ہے ، درخت کم ہوگئے ہیں ، یہاں پر درخت لگائیں گے۔

9- ٹرانسپورٹ

عمران خان نے کہا کہ کراچی کے  لیے سرکلر ریلوے بہت ضروری ہے، ہم حکومت میں آکر اس کا پلان دیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر صحیح معنوں میں میٹرو ٹرین کی ضرورت ہے تو وہ کراچی میں ہے۔

10- بے روزگاری

کراچی کے لیے 10 واں نکتہ بیان کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے سینٹرز بنائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ بے روزگاری معاشرے پر بڑا ظلم ہے ہم اقتدار میں آکر روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، کاروبار میں ان کی مدد کریں گے اور انہیں آسان قرضے فراہم کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی کے لوگ سب سے زیادہ شعور رکھتے ہیں، کراچی وہ شہر تھاجہاں کے لوگ ناانصافی کے خلاف سب سے پہلے کھڑے ہوتے تھے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’سارے پاکستان کے لوگ اس شہر میں بستے ہیں، کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جب کراچی کو چھینک آتی ہے تو پاکستان کو ٹھنڈ لگ جاتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ  بڑی سوچ رکھے اور بڑے خواب دیکھیں۔