بھارتی دہشت گردی کے ثبوت

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے منگل کے روز پریس بریفنگ میں پاکستان کے اندر بھارتی دہشت گردی کے ثبوت پیش کئے‘ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے 25 اپریل کو جہلم بس سٹینڈ سے تربیت یافتہ بھارتی دہشت گرد کی گرفتاری سے متعلق تفصیل بھی بتائی‘ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے بھارتی دہشت گرد اور اس کے گھر سے ایک آئی ڈی‘ 2 موبائل فون اور ایک بھارتی ساختہ ڈرون کے ساتھ کیش بھی برآمد ہوئی‘ خود دہشت گرد کے پاس سے 70 ہزار جبکہ اس کے گھر سے 10 لاکھ روپے برآمد ہوئے‘ اس کا کوڈ نام سکندر ہے جو بھارتی فوج کا جونیئر کمیشن آفیسر صوبیدار سشوندر ہے‘ بھارت کے پاکستان میں بے نقاب ہونے والے نیٹ ورک کے ذریعے ملٹری سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے آئی ڈیز سمیت دیگر مواد فراہم کیا جا رہا تھا۔ آئی ایس پی آر کے سربراہ کی پریس بریفنگ میں سکرین پر دہشت گردوں کے نام بھی بتائے گئے جو بھارتی سیل چلا رہے ہیں‘ اس موقع پر دہشت گردوں کی آڈیو بھی سنائی گئی کہ جس میں دہشت گردی کے نیٹ ورک اور طریقہ کار کی عکاسی ہوتی ہے‘ یہ واضح اور ناقابل تردید ثبوت ہیں کہ جو دنیا کے سامنے پیش ہوئے ہیں‘ اس سے پہلے بھی پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو دہشت گردی سے متعلق اعتراف کر چکا ہے۔ پاکستان بھارت کے خلاف ڈوزیئر دنیا کے سامنے لا چکا ہے اس سب کے برعکس بھارت پاکستان کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کے کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا اس کے اپنے بے بنیاد الزامات خود بھارت ہی کے لئے جگ ہنسائی کا ذریعہ بنتے رہتے ہیں جبکہ پاکستان پورے ثبوت کے ساتھ بھارتی دہشت گردی بے نقاب کر چکا ہے‘ بھارت نہ صرف بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے بلکہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت دیگر اقدامات بھی اٹھا چکا ہے‘ بھارت اپنے سارے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود اقوام متحدہ میں بھی پہلگام کے معاملے میں شرمندگی اٹھا چکا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب بھی ہو رہا ہے جہاں ہیومن رائٹس کے حوالے سے بنائے گئے قوانین کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں‘ بھارت کشمیر سے متعلق عالمی ادارے کی قراردادوں کو بھی سرد خانے میں ڈالے ہوئے ہے‘ وقت کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری بھارتی ہتھکنڈوں کا نوٹس لے۔