بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد۔ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے فاٹا میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کو 100ارب ڈالر سے زائد نقصان ہوچکا ہے،افغانستان میں خراب سیکیورٹی کی ذمہ داری دوسروں پر عائد نہیں کی جاسکتی۔

پاکستان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس کے گٹھ جوڑ پر گہری تشویش ہے۔جمعہ کو ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فاٹا میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہیں،پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا،دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کی عالمی برادری معترف ہے،دہشتگردی کے خلاف پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانی دی۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو سو ارب ڈالر سے زائد نقصان ہوچکا ہے۔

آپریشن ضرب عضب سے ملک میں سلامتی اور اقتصادی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی،امریکی ارکان پارلیمنٹ اور کمانڈوز فاٹا کا دورہ کرکے وہاں کامیابیوں کا خود مشاہدہ کرچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں عدم استحکام کے باعث کئی دہشتگرد تنظیموں کوپنپنے کوموقع ملا،افغانستان میں خراب سیکیورٹی کی ذمہ داری دوسروں پر عائد نہیں کیاجاسکتی،بعض بیرونی قوتیں افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہی ہیں،پاکستان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی ایجنسی این ڈی ایس کے گٹھ جوڑ پر گہری تشویش ہے۔